شادی کی وجہ سے میرے مذہبی عقیدے کے بارے میں افواہیں پھیلائی جاتی ہیں، حسن احمد
اداکار حسن احمد نے انکشاف کیا ہے کہ مسیحی خاتون سے شادی کی وجہ سے ان کے مذہبی عقیدے کے بارے میں افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔
حسن احمد نے حال ہی میں ’سمتھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے کیریئر کے دوران زیادہ تر منفی کردار کی ہی پیشکش کی جاتی تھی، جس کی وجہ سے وہ شروع میں اکتا بھی جاتے تھے اور کئی دفعہ ایک ہی طرز کے کردار کی پیشکش کے باعث پیشکش ٹھکرا بھی دیتے تھے، لیکن بعد میں انہیں احساس ہوا کہ اصل بات یہ ہے کہ کام کتنا اچھا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سوچنا درست نہیں کہ ڈرامے میں صرف دس دن کا کام ہے، کیونکہ اصل اداکار وہ ہوتا ہے جو کم وقت میں بھی بہترین اداکاری پیش کرے اور یہی وہ اب کرتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ ان کے زیادہ تر ڈرامے، جن میں ان کا کردار منفی ہوتا ہے، زیادہ مقبول ہوتے ہیں، جب کہ مثبت کردار والے ڈرامے کم مقبول ہوتے ہیں۔
حسن احمد نے اپنے اہلخانہ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ان کے مطابق بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ چونکہ انہوں نے ایک مسیحی خاتون سے شادی کی ہے، اس لیے وہ اسلام کو بھول گئے ہوں گے، لیکن وہ اب بھی اسلام پر عمل کرتے ہیں اور اپنے بچوں کو بھی باقاعدگی سے مسجد لے کر جاتے ہیں، ان کے بچے قرآن کی تلاوت بھی کرتے ہیں۔
حسن احمد کا کہنا تھا کہ یہی افواہیں ان کی اہلیہ کے بارے میں بھی پھیلائی جاتی ہیں، حالانکہ وہ بھی اپنے مذہب کی پیروی کرتی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ شادی کے ابتدائی دس سال میں جب ہم دونوں ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے اس دوران اگر کبھی ہم دونوں کے دل میں ایسا خیال آیا کہ الگ ہو جائیں تو ہم نے بچوں کی وجہ سے فوراً اس سوچ کو ذہن سے نکال دیا۔
حسن احمد کے مطابق اب ہم دونوں کے درمیان اتنی سمجھ بوجھ پیدا ہو چکی ہے کہ جو بھی بات پریشان کرتی ہے، اس پر آپس میں کھل کر بات کر لیتے ہیں۔
خیال رہے کہ حسن احمد اور سنیتا مارشل نے 2008 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔
دونوں کو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود شادی کرنے پر بعض اوقات تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، حسن احمد اسلام جب کہ سنیتا مارشل مسیحیت کی پیروکار ہیں۔