ہانیہ عامر احتراما ہمیشہ اٹھ کر ملتی ہیں، توثیق حیدر
سینئر اداکار توثیق حیدر نے ہانیہ عامر کی تعریفیں کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکارہ ہمیشہ احتراما اٹھ کر ان سے ملتی اور دعا سلام کرتی ہیں۔
اداکار نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ہانیہ عامر کے دوغلے پن سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر اداکارہ کی تعریفیں کیں۔
میزبان نے جب ان سے پوچھا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں نعیمہ بٹ اور ہانیہ عامر کے ساتھ ان کا کام کا تجربہ کیسا رہا اور یہ کہ نعیمہ بٹ نے کہا تھا کہ ہانیہ عامر کیمرا کے سامنے کچھ اور بند کیمرا کے پیچھے کچھ اور ہوتی ہیں، اس پر ان کا تجربہ کیسا رہا؟
اداکار نے جواب دیا کہ ہر کسی کا ہر کسی کے ساتھ الگ تجربہ ہوتا ہے، ان کا ہانیہ عامر کے ساتھ اچھا تجربہ رہا، وہ بہت عزت اور پیار دینے والی بچی ہیں۔
توثیق حیدر کے مطابق ڈرامے پر شوٹنگ کے پہلے ہی دن ہانیہ عامر نے انہیں کمرے میں داخل ہوتا دیکھ کر اٹھ کر ان سے سلام کیا اور آج تک وہ احتراما اٹھ کر ان سے ملتی اور دعا سلام کرتی ہیں۔
انہوں نے اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ ان کی شخصیت بھی بہترین ہیں، وہ سینئرز کو عزت دینے والی اداکارہ ہیں۔
انہوں نے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ مزید آگے جائیں اور اسی طرح کامیابیاں سمیٹی رہیں۔
اسی دوران توثیق حیدر نے نعیمہ بٹ کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ بھی شاندار اداکارہ ہیں، ان کی بھی شخصیت بہترین ہیں۔
توثیق حیدر نے کہا کہ ان کا تجربہ دونوں اداکاراؤں کے ساتھ اچھا رہا، اب ان کا آپس میں کام کرنے کا تجربہ کیسا تھا، اس ضمن میں وہ کچھ نہیں کہ سکتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ اگر اس طرح کے مسائل ہوتے ہیں تو وہ دو طرفہ ہوتے ہیں لیکن خوش قسمتی سے ان کا ہانیہ عامر اور نعیمہ بٹ کے ساتھ تجربہ اچھا رہا۔
خیال رہے کہ نعیمہ بٹ متعدد انٹرویوز میں 2024 کے مقبول ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کے اداکاروں کے رویے کا شکوہ کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ وہ شوٹنگ کے دوران انہوں نے ساتھی اداکاروں کا دوغلہ پن دیکھا۔
نعیمہ بٹ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران جو اداکار کیمرے کے ساتھ ان کے ساتھ اچھا رویہ رکھتے تھے، کیمرا بند ہوتے ہی ان کا رویہ تبدیل ہوجاتا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کیمرا بند ہونے کے بعد انہیں ایک ساتھ اسٹیج پر آنے تک نہیں دیا جاتا تھا، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔