بھارت: دیر سے اسکول آنے پر 100 اٹھک بیٹھک کی سزا سے کمسن طالبہ کی موت، بچی کس بیماری میں مبتلا تھی؟
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جب 13 سالہ کمسن طالبہ کاجول گور دیر سے اسکول آنے پر سزا کے طور پر 100 دفعہ اٹھک بیٹھک کرنے پر مجبور کی گئی، جس کے بعد اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ چل بسی۔
انڈین ٹریبیون کے مطابق 8 نومبر کو مہاراشٹرا کے پلگار ضلع کے وسائی علاقے کے ایک اسکول میں 13 سالہ طالبہ کاجول گور اس وقت المناک طور پر چل بسی، جب اسے دیر سے اسکول آنے پر سزا کے طور پر 100 دفعہ اٹھنے بیٹھنے پر مجبور کیا گیا۔
کاجول کو یہ سزا 50 دیگر دیر سے آنے والے طلبہ کے ساتھ دی گئی تھی اور سب نے اپنے اسکول کے بیگ کندھوں پر اٹھا کر یہ ورزش کی۔
واقعے کے دن کاجول نے اسکول سے واپس آنے کے بعد شدید جسمانی درد کی شکایت کی اور اسی دن گھر پر گر گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر وسائی کے آستھا ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔
بعد میں حالت بگڑنے پر اسے ایک دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا اور پھر ممبئی کے جے جے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں 15 نومبر کو اس کی موت ہو گئی۔
طبی رپورٹس سے پتا چلا کہ کاجول شدید انیمیا میں مبتلا تھی، ایک ایسی حالت جس میں جسم میں صحت مند سرخ خون کے خلیات کی کمی ہو جاتی ہے، جس سے تھکن، کمزوری اور آکسیجن کی مناسب ترسیل متاثر ہوتی ہے۔
میڈیکل رپورٹ میں سامنے آیا کہ کاجول کا ہیموگلوبین لیول چار تھا، جو انتہائی کم سمجھا جاتا ہے۔
سزا دینے والی استاد ممتا یادو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اسکول حکام نے اعتراف کیا کہ وہ کاجول کی نازک صحت سے واقف تھے اور والدین کو پہلے ہی طبی معائنہ کرانے کی ہدایت دے چکے تھے، لیکن سزا دینے والی استاد اس کا ادراک نہیں کر سکیں۔
پرنسپل نے بتایا کہ کاجول دیر سے آنے والے طلبہ کے گروپ کا حصہ تھیں اور استاد انہیں چھوٹے قد کی وجہ سے پہچان نہیں سکیں۔
تاہم، استاد کو معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ اسکول پولیس اور محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔
دوسری جانب کاجول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں اسکول کی جانب سے کبھی اس کی صحت کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی فیکلٹی ممبر نے کوئی ہدایت دی۔
کاجول کے والد نے کہا کہ اگر انہیں معلوم تھا کہ وہ کمزور ہے، تو پھر اسے اتنی سخت سزا کیوں دی گئی؟ اور کسی بھی بچے کو یہ سزا کیوں دی جانی چاہیے؟
انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کے سی سی ٹی وی کیمرے بھی منقطع ہیں۔
فی الحال پولیس نے اس معاملے میں حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔