Dawn News Television

شائع 11 ستمبر 2012 09:29pm

کراچی: گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے 20 افراد ہلاک

کراچی: حب ریورروڈ بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ سے چھ خواتین سمیت 20 افراد ہلا ک جبکہ 30 سے زائد جھلس کرزخمی ہوگئے۔

کراچی کی حب ریورروڈپر واقع فیکٹری میں اچانگ آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

محکمہ صحت نے سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ حادثے کے باعث عمارت منہدم ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔

آگ گارمنٹس فیکٹری میں لگی جس میں ابھی بھی درجنوں خواتین اور مرد مزدور پھنسے ہوئے ہیں جبکہ فیکٹری میں موجود بعض مزدور کھڑکیاں توڑکر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ کو تیسرے درجہ کی قرار دے کر شہر بھر کی  گاڑیوں اور اسنار کل کو طلب کرلیا ہے۔

فیکٹری کے باہرقریبی علاقوں کے افراد کی بڑی تعداد بھی جمع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

فیکٹری کی عمارت پانچ منزلہ ہے اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تین اطراف سے آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی حنیف شیخ کے مطابق اس وقت بھی فیکٹری میں درجنوں مرد و خواتین موجود ہیں۔

زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جارہاہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے زخمیوں کو ہر قسم کے علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

Read Comments