کھیل

پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر ناکام

انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں ایک سو بارہ رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم صرف 96 رنز بنا سکی۔

کولمبو: پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث انگلینڈ نے گرین شرٹس کو دوسرے وارم اپ میچ میں پندرہ رنز سے شکست دیدی۔

انگلش قائد اسٹورٹ براڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹبگ کا فیصلہ کیا جسے ابتدائی بلے بازوں نے درست ثابت کردیا۔ ایک موقع پر انگلینڈ کی ٹیم نے 14.3 اوورز میں 80 رنز بنا لیے تھے اور اس کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

اس موقع پر سعید اجمل نے ایک بار پھر مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے انگلش ٹیم کی یکے بعد دیگرے چار وکٹیں حاصل کر کے ان کی بڑے اسکور کی امیدیں خاک میں ملا دیں۔

انگلش ٹیم مقررہ اوورز میں 111 رنز بنا سکی، لیوک رائٹ 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، سعید اجمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے نسبتاً آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پوری ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 96 رنز بنا سکی جس سے ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی تیاریوں کی قلعی کھل گئی۔

پاکستان کی جانب سے اسد شفیق 20 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیرن برگ اور جیڈ ڈرن بیک نے تین تین پاکستانی کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

پاکستان ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 23 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔