دنیا

ایران اسرائیل پر حملوں میں پہل کرسکتا ہے، علی حاجی

اگر یہ ثابت ہوگیا کہ اسرائیل حملے کے عزائم رکھتا ہے تو ایران یہودی ریاست پر حملے میں پہل کرسکتا ہے۔

تہران: ایران کی پاسداران انقلاب کے ایک سینئر کمانڈر نےکہا ہے کہ اگر اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ ایران اسرائیل پر حملوں کے عزائم رکھتا ہے تو ایران یہودی ریاست پر وار کرسکتا ہے جو جنگ عظیم سوئم کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔

تہران میں مقامی ٹی وی چینل العالم کو انٹرویو دیتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر یہ ثابت ہوگیا کہ اسرائیل حملے کے عزائم رکھتا ہے تو ایران یہودی ریاست پر حملے میں پہل کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ تیسری جنگ عظیم کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

بریگیڈئیر امیر علی حاجی زادہ نے کہا کہ اسرائیل ایران پر امریکی مدد کے بغیر حملہ نہیں کرسکتا اور ایسی صورت میں ایران امریکا کے ساتھ بھی جنگ کرے گا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بن یامین ناتن یاہو متعدد بار کہہ چکےہیں کہ اسرائیل ایران کے جوہری تنصیبات پر حملہ کرسکتا ہے۔

ایران اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کی استعداد کار بڑھانے میں مصروف ہے اور اس نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن اور اس کا مقصد ملک میں بجلی پیدا کرنا ہے۔