جوہانسبرگ: چیمپئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ راؤنڈ میں آکلینڈ نے سیالکوٹ سٹالینز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
منگل کو جوہانسبرگ میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں سیالکوٹ سٹالینز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔
شاہد یوسف نے تین چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ عمران نذیر 17 ، شکیل انصر ایک، حارث سہیل 12، شعیب ملک 19، قیصر عباس 5، علی خان 19 ، رانا نوید الحسن 6 اور بلاول بھٹی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
آکلینڈ کی جانب سے کائل ملز، آندرے ایڈمز اور رونی ہیرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں آکلینڈ نے ہدف 17.1اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ مارٹن گپٹل نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اینارو کچن 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ اظہر محمود 24 اور لو ونسنٹ 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سیالکوٹ کی جانب سے سرفراز احمد نے دو جبکہ بلاول بھٹی اور رانا نوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کائل ملزکو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔