پاکستان

پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کی بحالی کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کی بحالی اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔

لاہور: پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کی بحالی اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔

دونوں قراردادیں صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت سوا دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا تو نو منتخب اراکین ن لیگ کی شمائلہ رانا اور پیپلز پارٹی کے عثمان بھٹی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

حلف اٹھانے کے فوری بعد پیپلز پارٹی کے ارکان نے شمائلہ رانا کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگائے۔

جس کے جواب میں ن لیگ کے اراکین نے گو زرداری گو اور گو گیلانی گو کے نعرے لگائے۔

بعد ازاں سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے راناثناء اللہ نے کہا کہ رحمان ملک کاطریقہ کار پاکستان کے خلاف ہے اور وہ نوازشریف کے خلاف جعلی ثبوت لے کر گھوم رہے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ رحمان ملک ثبوت لے کر عدالت میں جائیں تو نواز لیگ اپنی بے گناہی ثابت کردے گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئس اکاؤنٹ سے نکالے گئے پانچ ارب کا بھی جواب دیا جائے۔

دوسری طرف پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما راجہ ریاض احمد کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعظم کی نااہلی کی قرارداد پیش کی گئی تو اسے منظور نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نےکہا کہ ن لیگ کی جانب سے پیش کی جانے والی  دو قراردادوں میں جنوبی پنجاب کی نفی کی گئی ہے۔