شنگھائی: پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
جمعہ کو کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں اعصام اور ان کے ساتھی ہالینڈ کے جین جیولین راجر کا مقابلہ برطانیہ کے کولن فلیمنگ اور روس ہچنز سے تھا۔
پہلے سیٹ میں برطانوی کھلاڑیوں نے پاک - ڈچ جوڑی کے خلاف ٹائی بریک میں 7-6(7-2) سے کامیابی حاصل کی۔
اعصام اور راجر نے دوسرا سیٹ 6-4 سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔
تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں دونوں جانب سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم برطانوی جوڑی نے اعصام اور راجر کو 12-10 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔
دوسری جانب، ہندوستان کے روہن بوپنا اور مہیش بھوپاتی مینز ڈبلز کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
ہندوستانی کھلاڑیوں نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیلاروس کے میکس مرینی اور ان کے کینیڈین ساتھی ڈینئل نیسٹر کو سیدھے سیٹوں میں دلچسپ مقابلے کے بعد 7-6 اور 6-4 سے ہرا دیا۔