کھیل

جوکووچ ، شراپووا میڈرڈ اوپن سے باہر

رافیل نڈال کےبعد عالمی نمبر ایک بھی متانزعہ بلیوکلے کورٹ کاشکاربن گئے۔

میڈرڈ: سربیا کے دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ بھی رافیل نڈال کے بعد میڈرڈ ٹینس اوپن کے متنازعہ بلیو کلے کورٹ کا شکار بننے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

اس طرح گزشتہ سال کے دونوں فائنلسٹ، ایک کے بعد ایک کر کے فائنل تک پہنچنے میں ناکام رہے۔

جوکووچ نے بھی نڈال کی طرح اگلے سال ٹورنامنٹ کے بلیو کلے کورٹ پر کھیلے جانے کی صورت میں بائیکاٹ کی دھمکی دی ہے ۔

جوکویچ کو کوارٹر فائنل میں ہم وطن کھلاڑی جینکو ٹِپ سیرا ویچ کے ہاتھوں سات  —چھ، چھ  —تین سے شکست ہوئی۔

پہلے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا جبکہ دوسرے سیٹ میں جوکوویچ بھرپور فارم میں نظر نہ آئے اور ہار گئے۔

اس سے قبل دونوں ہم وطن کھلاڑی چار مرتبہ ٹینس کورٹ پر ایک دوسرے کے سامنے آئے اور چاروں دفعہ ٹِپ سیرا ویچ کو کامیابی نصیب نہ ہوئی ۔

سیمی فائنل میں ٹِپ سیرا ویچ کا مقابلہ روجر فیڈرر سے ہوگا جو 2009 میں یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔

اپنے کواٹر فائنل میچ میں فیڈرر نے اسپین کے ڈیوڈ فیرے کو چھ  —چار، چھ  —چار سے شکست دی۔

فیڈرر کا میچ دیکھنے کیلیے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت ریال میڈرڈ کے کئی کھلاڑی بھی کورٹ میں موجود تھے۔

دوسری جانب، خواتین کے مقابلوں میں سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے روس کی ماریا شراپووا کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔

ولیمز نے اس میچ میں چھ ایک، چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اس سے قبل دس میچز ہوچکے ہیں جس میں شراپووا صرف دو مرتبہ ہی کامیاب ہو سکیں ۔