دنیا

ریاض میں فیول ٹینکر کے دھماکے سے 22 افراد ہلاک

سعودی عرب کے دارالحکومت میں ٹرک فلائی اوور سے نیچے گر گیا، دھماکے اور اس کے باعث صنعتی عمارت گرنے سے ہلاکتیں ہوئیں۔

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جمعرات کو ایک ٹرک کے فلائی اوور سے نیچے گرنے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے اور اس کے باعث صنعتی عمارت گرنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

الاخباریہ ٹی وی کے مطابق سعودی شہری دفاع کے ایک آفیشل نے بتایا کہ حادثے میں ایک سو گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقی ریاض میں ایک گیس ٹینکر کے پل سے ٹکرانے کی وجہ سے گیس لیک ہوئی جس کے بعد قریبی واقع گاڑیوں کے ویئر ہاؤس میں زوردار دھماکا ہوا۔

کیپٹن محمد ہبیل حمادی نے کہا کہ اس روٹ پر حادثے سے حیران پریشان ٹرک ڈرائیور پل کے ایک پلر میں جا گھسا۔

انہوں نے ہلاکتوں کی صحیح تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

شہری دفاع کے چیف سعید ال تویجری نے کہا کہ حادثے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے ٹرک ڈرائیور کو حادثے کا ذمے دار قرار دیا۔

ای کعینی شاہد کے مطابق دھماکے سے کثیرالمنزلہ عمارت تقریباً تباہ ہو گئی اور اس کے بائیں کونے کچھ حصہ کھڑا ہوا ہے۔ حادثے سے فلائی اوور پر موجود ایک منی بس کو آگ لگنے کے علاوہ اطراف کی عمارتوں اور قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک پاکستانی 55 سالہ کشنو اختارا نے بتایا کہ مین عمارت میں تھا کہ ایک زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد پوری عمارت تباہ ہو گئی، جس کمرے میں میں موجود تھا اس کا سارا سامان تتر بتر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی عمارت کے ملبے تلے میرے بھائی سمیت متعدد افراد دبے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب میں ابھی تک گزشتہ جمعہ سے شروع ہونے والی عیدالاضحیٰ کی تعطیلات جاری ہیں۔