پاکستان

موبائل فون کی بندش ہمیں نہیں روک سکتی، طالبان

سیل فون کے ذریعے دھماکے نہیں کرتے، بندش سے ہماری کارروائیوں کو نہیں روکا جا سکتا، ترجمان تحریک طالبان پاکستان

خیبر ایجنسی: پاکستانی طالبان کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس کی بندش عسکریت پسندوں کو ان کی کارروائیوں سے نہیں روک سکتی۔

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ بم دھماکے کیلیے موبائل فون کا استعمال نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ "ہم موبائل فونز کے ذریعے بم دھماکے نہیں کرتے"۔

عسکریت پسند گروپ کا یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک کے متعدد علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند کروا دی گئی ہے جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے جمعے کی رات سروس بحال کیے جانے کے بعد ہفتے کی صبح سے اتوار کی رات تک موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند عام طور پر بم دھماکوں کیلیے سیلک فون کا استعمال کرتے ہیں جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گرد 90 فیصد بموں کو پھاڑنے کیلیے موبائل فون سروس کا استعمال کرتے ہیں۔

احسان نے ملک کی جانب سے موبائل سروس بند کیے جانے کو وفاقی وزیر کا ذاتی مفاد قرار دیا اور کہا کہ طالبان کو موبائل فون سروس بند کر کے نہیں روکا جا سکتا، ہم ہر حال میں اپنے مقاصد حاصل کر کے رہیں گے۔