کھیل

ممبئی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی جیت

میزبان ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست، سیریز ایک – ایک سے برابر۔

ممبئی: انگلینڈ نے ہندوستان کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں دس وکٹوں سے ہرا کر چارمیچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ۔

میچ کے چوتھے روز انگلش باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 142 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جواب میں انگلینڈ ٹیم نے ستاون رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

پیر کو یہاں واینکھیڈے کرکٹ سٹیڈیم ممبئی میں میزبان ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 117 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو گوتم گھمبیرترپن اور ہربھجن سنگھ ایک رن پر کھیل رہے تھے۔

ہربھجن سنگھ اپنے گزشتہ روز کے سکور میں پانچ رنز کا اضافہ کرنے کے بعد چھ رنز بنا کر گریم سوان کی گیند پر جوناتھن ٹروٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ظہیر خان نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو ایک رن بنا کر مونٹی پنسار کی گیند پر مٹ پرائر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

گھمبیر آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو پینسٹھ رنز بنا کر گریم سوان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

پراگیان اوجا چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستانی ٹیم انگلش باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اس کے نو کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔

انگلینڈ کی طرف سے مونٹی پنسار نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ جبکہ گریم سوان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مونٹی پنسار نے میچ میں مجموعی طور پر گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔

انگلش کھلاڑی کیون پیٹرسن کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے کہا کہ ٹیم کے سیریز میں کم بیک کرنے پر وہ بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم تیسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز میں  برتری حاصل کرے گی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا تیسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ پانچ دسمبر سے کولکتہ میں شروع ہوگا۔