کھیل

ڈیو پلیسس آسٹریلوی جیت میں رکاوٹ بن گئے

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے جنوبی افریقی بلے باز کی سینچری، ٹیم کو یقینی شکست سے بچا لیا۔

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ایڈیلیڈ کرکٹ ٹیسٹ میچ بھی ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

اس میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے فاف ڈیو پلیسس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ڈیبو سنچری اسکور کی، بلکہ اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بھی بچالیا۔

میچ کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک کینگروز نے ستتر رنز پر پروٹیز ٹیم کے چار کھلاڑی آؤٹ کردیئے تھے اور کینگروز کی میچ پر گرفت مضبوط نظر آرہی تھی کیونکہ آخری روز میزبان ٹیم کو کامیابی کے لیے صرف چھ وکٹوں کی ضرورت تھی۔

تاہم فاف ڈیو پلیسس اپنی عمدہ بلے بازی کی بدولت آسٹریلیوی باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے اور انہوں نے نہ صرف محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے بچایا بلکہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بھی اسکور کی۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان برسبین کرکٹ ٹیسٹ بھی ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگیا تھا۔

پیر کو ایڈیلیڈ اوول، گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ نے 430 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز ستتر رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اے بی ڈی ویلیئرز بارہ اور فاف ڈیو پلیسس انیس رنز پر کھیل رہے تھے۔

ڈی ویلیئرز تینتیس رنز بنا کر پیٹر سڈل کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، جیک کیلس چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو چھیالیس رنز بناکر نیتھن لیون کی گیند پر ایڈ کوؤن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ڈیل سٹین بغیر کسی نقصان پر سڈل کی گیند پر روب کیونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ڈیو پلیسس نے ایک اینڈ پر اپنی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ جاری رکھا اور اس دوران وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کر چکے تھے۔

رؤے کلین ویلٹ آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو تین رنز بناکر سڈل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

ڈیو پلیسس 110 اور مورنے مورکل آٹھ رنز پر کھیل رہے تھے کہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے  سڈل نے چار، لیون نے تین جبکہ بین ہلفن ہاس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ڈیو پلیسس کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تین کرکٹ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ تیس نومبر سے  پرتھ میں شروع ہوگا۔

سیریز میں کوئی بھی ٹیم میچ نہیں جیت سکی، جس کے باعث سیریز ابھی 0-0 سے برابر ہے۔