ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے کہا ہے کہ اگر ٹیم کو زیادہ ٹیسٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ مضبوط ٹیسٹ ٹیم بن سکتی ہے۔
اپنے ایک بیان میںتمیم نے کہا کہ بنگلہ دیش ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی اچھی ٹیم ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز جیت کر ہم نے اپنی طاقت دکھا دی ہے۔
'تاہم ٹیسٹ میچوں میں فتوحات کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے کی ضرورت ہے'۔
انہوں نے کہا کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کے باوجود ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ٹیم کے لیے مثبت رہی۔
تمیم کا کہنا تھا کہ 'فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کھلاڑیوں کو اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنا ہو گی'۔
انہوں نے کہا کہ 'شکیب الحسن کا ان فٹ ہونا ٹیم کے لئے نقصان دہ رہا، میں خود ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا جس کا دکھ رہے گا'۔
تاہم کپتان اور نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو ایک روزہ سیریز میں ہمکنار کروایا جس پر ٹیم کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔