کوئٹہ: ہنہ اوڑک جھیل کے رہائشی سہولیات سے محروم
کوئٹہ: پشتونخوامیپ کے رہنماء سابق ضلعی نائب ناظم منظور کاکڑ نے کہا ہے کہ ہنہ اوڑک اس جدید دور میں بھی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کو سیاحت کے حوالے سے جدید طور پر پارک اور ہنہ جھیل کی خوبصورتی کے بعد کوئٹہ کے شہریوں کے لئے بہترین تفریحی مقام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔منظور کاکڑ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہنہ اوڑک میں پچاس بستروں کا ہسپتال کا قیام کیا جائے تاکہ کوئلہ کی صنعت سے وابستہ محنت کشوں اور علاقے کے عوام کو صحت کی جدید سہولیات میسر ہوں اسی طرح ہمارے علاقے میں ایک کالج کے قیام کی ضرورت ہے۔
اسی ہزار پر مشتمل آبادی والے علاقے کے طلباء وطالبات نے مجبوراً کوئٹہ کا رخ کرتے ہیں اسی طرح گیس پریشر کی کمی نے بہت زیادہ مسائل پیدا کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے اکثر آبادی کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے۔
روزانہ اٹھارہ سے بیس گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ سے جہاں ایک طرف عوام پریشان ہیں وہاں زمینداروں کے باغات بھی پانی نہ ملنے کی وجہ سے خشک ہو رہے ہیں۔انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ معدنیات سے بھرے علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دیں تاکہ بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔