سرکریک پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات
نئی دہلی: سرکریک پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دو روزہ مذاکرات نئی دہلی میں جاری ہیں۔
بات چیت میں دنوں ممالک کی وزارت دفاع کے حکام شرکت کررہے ہیں۔
پاکستانی وفد میں نئی دہلی میں پاکستان کے نامزد سفیر سلمان بشیر بھی شامل ہیں۔پچھلے سال بیس اور اکیس مئی کو بھی دونوں ممالک کے درمیاں اس مسئلہ پر بات چیت ہوئی تھی۔
دفترخارجہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیکریٹری خارجہ کے مذاکرات دہلی میں ہوں گے پھر جولائی میں ہی اسلام آباد میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت میں تمام مذاکراتی عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔
سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اگلے ماہ ہونے والے پاکستان ۔ بھارت وزرائے خارجہ مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے لیے جولائی کے پہلے ہفتے میں نئی دہلی جائیں گے۔
علاوہ ازیں بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف کے ڈائریکٹر کے درمیان پہلی دفعہ پانچ روزہ مذاکرات یکم جولائی سے نئی دہلی میں شروع ہوں گے۔
پاکستان رینجرز کے چیف میجر جنرل رضوان اللہ جبکہ بی ایس ایف کے ڈی جی یو کے بسال اپنے اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔
دونوں ممالک کے وفود سرحد پار جرائم، جعلی کرنسی اور منشیات کی اسمگلنگ، سیز فائر کی خلاف ورزی جیسے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
قبل ازیں بارہ جون کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیکریٹری دفاع کی سطح کے تیرہویں دو روزہ مذاکرات راولپنڈی میں ختم ہوئے تھے۔
ہندوستان کے سیکریٹری دفاع ششی کانت شرما نے کہا تھا کہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی تھی۔پاکستان نے پہلی مرتبہ سیاچن میں انسانی سرگرمیوں کے باعث ہونے والی ماحولیاتی آلودگی پر ہندوستان کی توجہ دلائی تھی جس پر بھارتی وفد نے یہ معاملہ اپنی قیادت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔