قلات میں سینئر صحافی ٹارگٹ کلنگ کا شکار
موٹر سوار مسلح افراد نے قلات میں بس اڈے پر سینئر صحافی محمود جان آفریدی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، ڈپٹی کمشنر قلات۔
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعے کی شام سینئر صحافی محمود جان آفریدی کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
قلات کے ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بذائی نے بتایا کہ موٹر سوار مسلح افراد نے قلات میں بس اڈے پر محمود جان آفریدی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع واردات سے فرار ہو گئے۔
پولیس اور لیویز کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بذائی نے کہا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی لگتا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے سینئر صحافی کی لاش سول اسپتال قلات منتقل کر دی گئی ہے۔
محمود جان آفریدی پریس کلب قلات کے صدر اور روزنامہ انتخاب میں رپورٹنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے، وہ شعبہ صحافت سے 20 سال سے وابستہ تھے۔