کابل: طالبان کا ہوٹل پرحملہ، آٹھ افراد ہلاک
کابل: افغان سیکورٹی فورسز جمعے کے روز کابل کے نواحی علاقے میں واقع ایک ہوٹل پر طالبان کے قبضے کو ختم کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
سیکورٹی فورسز نے مقابلے کے بعد ہوٹل سے پینتیس سے چالیس افراد کو بازیاب کروایا جنہیں طالبان نے یرغمال بنایا ہوا تھا۔
خودکار اسلحے سے لیس عسکریت پسندوں نے جمعرات کو رات گئے قرغا جھیل پر واقع سفزحمائی ہوٹل پر حملہ کرنے کے بعد اندر موجود لوگوں کو یرغمال بنالیا تھا۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ حملہ شروع ہونے کے آٹھ گھنٹے بعد افغان فورسز یرغمالیوں کو بازیاب کروانے میں کامیاب ہو گئیں۔
ترجمان کے مطابق حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے جن میں ہوٹل کے تین گارڈز اور کم سے کم ایک پولیس افسر شامل ہے۔
ایساف کا کہنا ہے کہ حملے کا ہدف افغان پولیس اور عام شہری تھے ۔
کابل پولیس کریمنل انوسٹیگیشن کے سربراہ نے بتایا کہ کم سے کم ایک حملہ آور نے بارود سے بھری جیکٹ کو اڑایا ہے۔
طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ دولت مند افغانی اور غیرملکی ہوٹل کو فحش پارٹیوں کے لیے استعمال کرتےہیں۔