کوئٹہ: کوئٹہ پریس کلب میں پاکستان مسلم لیگ ، نواز ( پی ایم ایل این) کی ایک خاتون سیاسی کارکن نے اگلے عام انتخابات میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر دلبرداشتہ ہوکر احتجاجاً خود کشی کی کوشش کی ہے۔
' میں غریب ہوں اسی لئے (مجھے) پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا،' سکینہ مینگل نے کہا اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ پندرہ برس سے پاکستان مسلم لیگ نون سے وابستہ ہیں۔
سکینہ مینگل کو پارٹی کی صوبائی قیادت کی جانب سے خواتین کی مخصوص سیٹ پر ٹکٹ دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔
سکینہ پی ایم ایل این کے دو درجن سے زائد کارکنوں اور اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کررہی تھیں کہ انہوں نے پی ایم ایل این بلوچستان کے صدر ثناء اللہ زہری کیخلاف نعرے لگائے اور اسی دوران خود کو آگ لگانے کی کوشش کی ۔
' خود کشی کرنے کی وجہ یہ ہے کہ (انتخابی) ٹکٹ تقسیم کرنے کے عمل میں میرٹ کا خیال نہیں رکھا گیا ہے،' سکینہ مینگل نے ڈان نیوز کو بتایا۔
جیسے ہی کارکن نے اپنے کپڑوں پر پیٹرول چھڑکا، اس کے شوہر نے انہیں آگ لگادی ۔
تاہم پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں نے آگے بڑھ کر انہیں خود کو ازیت دینے سے روکا۔
بعد ازاں پولیس نے سکینہ مینگل کو گرفتار کرلیا ہے