پاکستان

بلوچستان حالتِ جنگ میں ہے، سردار مینگل

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ، اختر مینگل نے کہا ہے کہ یورپی مبصرین بلوچستان آنا چاہتے ہیں۔

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) کے سربراہ سردار اخترمینگل نے کہا ہے کہ جو قوتیں بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی ذمےدار ہیں وہی اگلے عام انتخابات میں یورپی مبصرین کی صوبے میں آمد کیخلاف ہیں۔

جمعے کی شام کو میڈیا نمائیندوں سے گفتگو کرتےہوئے سردار مینگل نے کہا کہ الیکشن میں یورپی مبصرین صوبے میں آنے کیلئے تیار تھے لیکن اسٹیبلشمنٹ نے ان کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے بھی ان مبصرین کو صوبے میں آمد پر مکمل تحفظ کا یقین دلایا تھا۔

' اب وزارتِ داخلہ کیلئے کوئی جواز نہیں کہ وہ انہیں صوبے میں آمد سے روکے،' انہوں نے کہا۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ صوبہ حالتِ جنگ میں ہے اور وہ اسے تباہی سے نکالنے کی بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔

بلوچستان میں سیٹ ایڈجسٹمینٹ سے متعلق ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بی این پی نے ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی نگرانی میں ایک پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت دوسری پارٹیوں کے ساتھ انتخابی اتحاد بنانے کے لئے تیار ہے ۔

سردار مینگل نے اپنے اس خدشے کو دوبارہ دہرایا کہ حالات اب بھی الیکشن کیلئے سازگار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے بلوچوں کی اعتماد سازی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنان کے اغوا اور بلوچوں کے قتل کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔