کوئٹہ: مستونگ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام صیغہ راز میں رکھے جانے کی شرط پر اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ کے سپلینجی علاقے میں ریموٹ کنٹرول سے کئے جانے والے اس دھماکے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوے ہیں- یہ اہلکار علاقے میں معمول کی گشت پر تھے جب ان پر مسلّح جنگجوؤں نے مذکورہ حملہ کیا- ابھی تک یہ تصدیق نہیں کی جا سکی کہ بم دراصل کہاں نصب تھا- دھماکے میں اہلکاروں کی گاڑی مکمّل طور پر تباہ ہو گئی-
زخمی اہلکاروں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ( سی ایم ایچ) منتقل کر دیا گیا ہے- پولیس اور فرنٹیئر کونسٹبلری کے اہلکاروں نے دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے تفتیش شروع کر دی ہے- تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی-
اس علاقے میں مسلّح جنگجوؤں کی جانب سے پچھلے کچھ سالوں سے سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کئے جا رہے ہیں- ابھی تک کسی جانب سے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی- تاہم ذرائع کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے بلوچ شدّت پسندوں پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔