پاکستان کافاتح سکواڈ برقرار رکھنے کا فیصلہ

28 اکتوبر 2014
پاکستانی ٹیم دبئی ٹیسٹ جیتنے کے بعد۔ — اے ایف پی
پاکستانی ٹیم دبئی ٹیسٹ جیتنے کے بعد۔ — اے ایف پی

دبئی: پاکستان دبئی ٹیسٹ میچ کے فاتح سکواڈ کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں اترے گا۔

چیف سلیکٹر معین خان نے پیر کو کہا کہ 221 رنز سے مہمان آسٹریلیا کو ہرانے والی قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور جمعرات کو ابو ظہبی میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں یہی ٹیم کھیلنے کی حق دار ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے معین خان کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق سلیکٹرز پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان سائیڈ سےبہت خوش اور حوصلہ مند ہیں۔'

اس جیت کا بہت زیادہ کریڈٹ یونس خان کو جانا چاہیئے جنہوں نے اپنی تمام تر معلومات اور تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے دبئی میں دو سنچریاں سکور کیں'۔

معین نے پاکستان کو آسٹریلیا کے متوقع کم بیک سے بھی خبردار کیا۔

'کوچ وقار یونس فوکس برقرار رکھنے کو کہہ رہے ہیں اور یہ بہترین تجویز ہے جو وہ اپنے کھلاڑیوں کو اس وقت دے رہے ہیں'۔

'آسٹریلیا ایک خطرناک ٹیم ہے اور اس میں واپس آنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ایسے میں ہمیں ضرورت سے زیادہ اعتماد اور لاپرواہی سے گریز کرنا چاہیئے'۔

'ابوظہبی میں کھلاڑیوں کو اضافی فائدہ ہو گا۔ اگر وہ جیت گئے تو آئی سی سی درجہ بندی میں وہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے بعد تیسرے نمبر پر آ جائیں گے۔ تاہم، یہ کوئی آسان ہدف نہیں اور اس کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں سخت محنت کرنا ہو گی'۔

سکواڈ مصباح الحق (کپتان)، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، احسان عادل، حارث سہیل، عمران خان، محمد حفیظ، محمد طلحہ، راحت علی، سرفراز احمد، شام مسعود، توفیق عمر، یاسر شاہ، یونس خان اور ذوالفقار بابر۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں