آسٹریلیا زخمی ہے، پلٹ کر حملہ کر سکتا ہے، وقار

28 اکتوبر 2014
کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق۔ فائل فوٹو اے ایف پی
کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ابوظہبی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی تیاری مکمل رکھیں کیونکہ آسٹریلیا زخمی ہے اور اگلے ٹیسٹ میچ میں پلٹ کر حملہ کرسکتا ہے۔

دبئی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کی نظریں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں جہاں 1994 کے بعد سے آج تک پاکستان نے آسٹریلین ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں شکست نہیں دی۔

وقار نے کہا کہ ہم نے پہلا ٹیسٹ میچ تو جیت لیا لیکن ابھی صل امتحان باقی ہے، دوسرا ٹیسٹ میچ زیادہ سخت ہو گا۔

انہوں نے منگل کو صحافیوں سے کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آسٹریلیا مثبت کرکٹ کھیلتا ہے اور ابھی وہ پہلے میچ کی شکست سے زخمی ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ یقیناً اگلےٹیسٹ میں واپسی کریں گے اور ہمیں اس کے لیے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز جیتنے کی صورت میں پاکستان ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر کی ٹیم بن جائے گی۔

وقار نے تسلیم کیا کہ ٹیسٹ رینکنگ کی تیسیر بڑی ٹیم بننا بڑی بات ہے لیکن اصل چیز تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہے۔

وقار نے کہا کہ ابتدائی تین ٹیموں میں آنا بڑی بات ہے لیکن میرے لیے اس سے زیادہ اہم مستقل مزاجی ہے کیونکہ ہم ہمیشہ سے غیر مستقل مزاجی کے لیے مشہور رہے ہیں لہٰذا ہمیں تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی پرفارمنس دکھانے کے ساتھ اسے برقرار رکھنا بھی ضروری تاکہ لوگوں کو بطور ٹیم ہم پر اعتماد ہو جیسا کہ ہم نے پہلے ٹیسٹ میں ثابت کیا ہم میں صلاحیت اور جذبہ موجود ہے، اگر ہم اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں تو نتیجہ بھی ہمارے حق میں ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ٹیم میں لیے بہت آسان پیغام ہے، محنت کرنا نہ چھوڑیں کیونکہ سیریز ابھی ختم نہیں ہوئی، ابھی دوسرا ٹیسٹ باقی ہے اور ہمیں اسے جیتنا ہے اور سیریز جیتنے کے لیے ہمیں روزانہ کی بنیادوں پر سخت محنت کرنا ہو گی۔

وقار نے بائیں ہاتھ کے اسپنر ذوالفقار بابر کو خصوصی ٹیلنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈمیسٹک سیزن میں مستقل اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے لیکن انہیں موقع نہ ملا لیکن ان کی جگہ عبدالرحمان بھی اچھی باؤلنگ کر رہے تھے۔ اب بابر کو موقع ملا اور واقعی میں ایسی باؤلنگ کر رہے ہیں جس کی دنیا کو اشد ضرورت تھی۔

ذوالفقار بابر نے آسٹریلیا دوسری اننگ میں پانچ وکٹوں کی فتح گر کارکردگی سمیت میچ میں مجموعی طور پرسات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کادوسرا اور آخری ٹیسٹ جمعرات سے ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں