کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ریل گاڑی میں دھماکے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے لاہور جانے والی بگٹی ایکسپریس مستونگ کے علاقے دشت میں نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے اعلیٰ افسر عمران قریشی نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔

عمران قریشی کا کہنا تھا کہ بم ریلوے ٹریک پر نصب کیا گیا تھا اور جس وقت وہاں سے ٹرین گزری تو اس میں دھماکہ ہو گیا جس سے 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

ان کے مطابق بوگیاں پٹری سے اترنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق واقعے میں 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کو دل کا دورہ بھی پڑا جس کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

مستونگ میں سخت سردی کے دوران مسافر آسمان تلے متبادل انتظامات کا انتظار کرتے رہے البتہ فوری طور پر کسی بھی قسم کے انتظامات دیکھنے میں نہیں آئے۔

تبصرے (0) بند ہیں