سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل میں کٹ لگنے سے پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی فائبر آپٹیکل کیبل کو ساوتھ ایسٹ ایشیا مڈل ایسٹ یورپ کیبل کو انڈونیشیا کے قریب کٹ لگے ہیں۔

آپٹیکل فائبر سب میرین کیبل پر پانچ کٹ لگ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے ذرائع نے بتایا کہ فائبر آپٹیکل کیبل کو ٹھیک ہونے میں ایک مہینہ لگے گا۔

آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے سے مشرقی سمت سے آنے والی انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگی جس کی وجہ سے پاکستان میں پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی مشرقی سمت سے آنے والا ٹریفک متاثر ہوگا۔

پاکستانی صارفین کو شام کے وقت میں انٹرنیٹ براؤز اور سرچ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مشرقی سمت سے پاکستان میں آنے والا ٹریفک 10 فیصد سے بھی کم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مشرقی سمت سے آنے والی انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل ذرائع پر شفٹ کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں