'دہشتگردی کے مقدمات کیلئے خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی'

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2014
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف —۔فائل فوٹو/ رائٹرز
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف —۔فائل فوٹو/ رائٹرز

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں۔

ڈان نیوز کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سزائے موت پر جلد عمدرآمد شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ دہشت گردوں سے تفتیش کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کاعمل پہلے سے ہی جاری تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردوں کی سزائے موت کے سلسلے میں کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے دورہ کابل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرِ دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کے اس دورے کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پشاور حملے کے اگلے روز افغانستان کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے افغان صدر اشرف غنی اور ایساف کمانڈر سے ملاقات میں اہم معلومات شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر ملا فضل اللہ کی حوالگی کا بھی مطالبہ کیا تھا۔


مزید پڑھیں: آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات


انٹرویو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز سمیت طالبان کے حامیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیردفاع کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کی سول اور عسکری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا بھرپورعزم کیا ہے۔

دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تیزی 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان کے حملے کے بعد آئی ہے، جس میں 140 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔

دہشت گردی کے اس واقعے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے خطر ناک دہشت گردوں کی سزائے موت پر سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا جبکہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Anwar Amjad Dec 19, 2014 07:32pm
This is a very good decision. The civil courts are not suited for trials of terrorists who easily frighten the witnesses and judges.