اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ پر بمباری

20 دسمبر 2014
فائل فوٹو اے ایف پی
فائل فوٹو اے ایف پی

یروشلم: اسرائیلی جنگی طیاروں نے علاقے میں جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی بار غزہ کی پٹی پر بمباری کی جس میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس کے راکٹ حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے جو اس نے جمعہ کی صبح کیا تھا۔

یہ بمباری غزہ کی جنوبی پٹی پر خان یونس کے علاقے میں کی گئی تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سے قبل حماس کی جانب سے بھی جمعہ کو جنوبی اسرائیل پر ایک راکٹ فائر کیا گیا تھا لیکن اس سے بھی کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔

اسرائیل کے فوجی ترجمان لیفٹننٹ کرنل پیٹر لرنر نے ایک بیان میں کہا کہ فوج کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے اور اسرائیلی عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حماس کی دہشت گرد تنظیم اسرائل پر آج ہونے والے حملے کی ذمے دار ہے۔

اس سے قبل بھی دو مواقعوں پر حماس کی جانب سے اسرائیل پر دو راکٹ فائر کیے گئے تھے لیکن ان پر کسی قسم کا جواب نہیں دیا گیا تھا۔

اسرائیل نے حماس پر سرحد پار حملوں کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ پر آٹھ جولائی کو چڑھائی کردی تھی جس کے نتیجے میں 21 سو سے زائد فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

مصر نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کی مدد سے 26 اگست کو جنگ بندی کرا دی تھی۔

اس تنازع میں 67 اسرائیلی فوجیوں اور چھ شہریوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔

ادھر ایک اور واقعے میں اسرائیلی فوج نے وارننگ کے باوجود فلسطین اور اسرائیل کے درمیان قائم سرحد پار کرنے پر احتاج کرنے والے چار فلسطینی شہریوں کی ٹانگ میں گولی مار دی۔

تبصرے (0) بند ہیں