ایلیٹ اور رونچی کی ریکارڈ ساز شراکت، کیویز کامیاب

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2015
گرانٹ ایلیٹ ساتھی کھلاڑی لیوک رونچی کو سنچری کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی
گرانٹ ایلیٹ ساتھی کھلاڑی لیوک رونچی کو سنچری کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے۔ فوٹو اے ایف پی

ڈیونیڈن: نیوزی لینڈ نے لیوک رونچی اور گرانٹ ایلیٹ کی ریکارڈ ساز شراکت کی بدولت سری لنکا کو 108 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 3-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

ڈیونیڈن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں بالکل درست ثابت ہوا اور اننگ کی پہلی ہی گیند پر مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے۔

کپتان برینڈن میک کولم اور کین ولیمسن نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز جوڑ کر اننگ کو سنبھالا دیا لیکن 93 رنز تک پہنچتے پہنچتے نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

اس موقع پر سری لنکن ٹیم میچ پر مکمل طور پر حاوی نظر آتی تھی لیکن ایلیٹ اور رونچی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکن امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 267 رنز کی شراکت بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، اس سے قبل اس وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ایشیا الیون کے مہندرا سنگھ دھونی اور مہیلا جے وردنے کے درمیان قائم ہوا تھا جو انہوں نے 2007 میں افریقہ الیون کے خلاف بنایا تھا۔

رونچی نے خصوصاً خاصا جارحانہ انداز اختیار کیا اور صرف 122 گیندوں پر نو چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 170 رنز کی باری کھیلی جبکہ ایلیٹ نے 96 گیندوں پر دو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے۔

دونوں کھلاڑیوں کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے 360 رنز کا بہترین مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

جواب میں سری لنکن اوپنرز نے بھی اننگ کا اچھا آغاز کرتے ہوئے 93 رنز کی شراکت قائم کی، لہییرو تھری مانے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دلشان نے شنگاکارا کے ساتھ مل کر اسکور کو 141 رنز تک پہنچایا لیکن سنگاکارا صرف نو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

تجربہ کار اوپنر نے جے ورنے کے ساتھ مل کر اسکور کو 211 رنز پہنچا دیا اور اس دوران اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔

جےوردنے 30 اور دلشان 116 رنز بنانے کے بعد یکے بعد دیگرے پویلین لوٹے تو 215 رنز پر چار سری لنکن بلے باز پویلین رخصت ہو چکے تھے لیکن اس وقت سری لنکن ٹیم میچ میں موجود تھی۔

دلشان کے پویلین لوٹنے کے بعد کوئی بھی سری لنکن بلے باز کیوی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا اور پوری ٹیم 252 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے چار جبکہ ٹم ساؤدھی، گرانٹ ایلیٹ اور مچل میک کلینیگن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ایلیٹ اور رونچی کو مشترکہ طور پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے سیریز میں 3-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

سیریز کا چوتھا میچ اسی گراؤنڈ پر اتوار کو کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں