انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پابندی کا شکار ہونے والے پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ فینز ان کے باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے بعد اچھی خبر کے لیے تیار رہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق چنائی میں باؤلنگ ایکشن کے معائنے کے بعد وطن واپسی پر سعید اجمل نے سوشل میڈیا پر فینز کا شکریہ ادا کیا اور اچھی خبر کے لیے تیار رہنے کو بھی کہا ہے۔

سعید اجمل نے کہا کہ انہوں نے پابندی کے بعد سخت محنت کی ہے اور اس دوران نئے ایکشن سے بارہ ہزار سے زائد مرتبہ باؤلنگ کروائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے ان کی بہت حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ہے۔

آف اسپنر نے کہا کہ انہوں نے چنائی میں ہونیوالے ٹیسٹ میں پانچ اوورز کے دوران دوسرا سمیت پانچ مخلتف نوعیت کی بالز بھی کروائی ہیں۔

پابندی کے باعث پاکستان کے جادوگرآف اسپنر کو ورلڈ کپ سے بھی دستبردار ہونا پڑا ہے۔

مزید پڑھیں: سعید اجمل ورلڈ کپ سے دستبردار

واضح رہے کہ 37 سالہ کرکٹر کو ستمبر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تمام طرز کی کرکٹ سے مشکوک ایکشن کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ آئی سی سی سے اجمل کے ایکشن کے دوبارہ ٹیسٹ کی درخواست کی تھی تاہم ایک غیر سرکاری ٹیسٹ میں انکشاف ہوا کہ انہیں اپنے ایکشن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق باؤلنگ کرواتے وقت کوئی بھی باؤلر اپنے بازو میں 15 ڈگری تک کا خم لاسکتا ہے تاہم اجمل کے ٹیسٹوں میں ان کے بازو کا خم 43 ڈگری تک پایا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں