سعید اجمل ورلڈ کپ سے دستبردار

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2014
سعید اجمل—فائل فوٹو۔
سعید اجمل—فائل فوٹو۔

کراچی: آئی سی سی کی جانب سے معطل کیے جانے والے آف اسپنر سعید اجمل ورلڈ کپ اسکواڈ سے دستبردار ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پی سی چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ سعید اس حوالے سے ایک، دو روز میں پریس کانفرنس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مایہ ناز اسپنر نے اپنے فیصلے کے حوالے سے پی سی بی کو آگاہ کردیا ہے۔

شہریارخان نے کہا کہ ماہرین کے مطابق سعید اجمل ابھی باؤلنگ کیلئے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعید ابھی باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ دینے کو تیار نہیں، انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ محمد حفیظ اپنا باؤلنگ ایکشن کلیئر کرلیں گے۔

مزید پڑھیں: عمر گل ورلڈ کپ سے باہر، جنید خان 90 فیصد فٹ

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ سعید اجمل کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب ہفتے کے روز حکام نے کہا کہ انہیں اپنے ایکشن کو تبدیل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

37 سالہ کرکٹر کو ستمبر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے تمام طرز کی کرکٹ سے مشکوک ایکشن کے باعث معطل کردیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ آئی سی سی سے اجمل کے ایکشن کے دوبارہ ٹیسٹ کی درخواست کی تھی تاہم ایک غیر سرکاری ٹیسٹ میں انکشاف ہوا کہ انہیں اپنے ایکشن پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اجمل کا ایکشن درست کرنے کے سلسلے میں سابق مایہ ناز آف اسپنر ثقلین مشتاق کی خدمات لی گئی ہیں۔

آئی سی سی قوانین کے مطابق باؤلنگ کرواتے وقت کوئی بھی باؤلر اپنے بازو میں 15 ڈگری تک کا خم لاسکتا ہے تاہم اجمل کے ٹیسٹوں میں ان کے بازو کا خم 43 ڈگری تک پایا گیا۔

اجمل کے علاوہ پاکستان آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو لیکر بھی پریشانی کا شکار ہے جن پر رواں ماہ کے آغاز میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ہفتے کے روز پی سی بی کے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حفیظ منصوبے کے مطابق چنئی اپنا باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ کروانے جائیں گے تاہم اجمل لاہور میں اپنے ایکشن پر مزید کام کریں گے۔

پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیا پی سی بی کمیٹی نے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور سعید اجمل اور محمد حفیظ کا معاملہ زیر غور آیا۔ اجمل کے معاملے پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان کے ایکشن پر مزید کام کیا جائے۔

اس تاخیر کا مطلب ہے کہ سعید کو شاید ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ نہ بنایا جائے۔

ٹورنامنٹ کی تمام 14 ٹیموں کو سات جنوری تک اپنے حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرنا ہے۔ پی سی بی ریلیز کے مطابق گروپ کو بتایا گیا کہ اجمل کے ایکشن میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے جو کہ اپنا ایکشن مکمل طور پر درست کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ریلیز میں بتایا گیا کہ ثقلین اور مشتاق احمد نے حفیظ کے باؤلنگ ایکشن پر کام کیا اور وہ آئندہ ہفتے چنئی غیر سرکاری ٹیسٹ کروانے جائیں گے۔

اگر حفیظ یہ غیر سرکاری ٹیسٹ کلیئر کرلیتے ہیں تو پی سی بی آئی سی سی سے باضابطہ ٹیسٹ کی درخواست کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Dec 27, 2014 10:24pm
یہ بات تو میں نے دو مہینے پہلے بتائی تھی کہ اجمل کا متبادل تلاش کرو انکا دوبارہ کرکٹ میں مشکل ھے لیکن بورڈ اجمل کے پیچھے لگے ھوئے تھے اجمل زبردست باؤلر ھے لیکن انکی کامیابی انکا یہ ایکشن تھا جوکہ غیرقانونی ٹہرا انکے لئے طریقہ تبدیل کرنا بہت مشکل ھوگا یہ بات پاکستان کیلئے صحیح مانوں میں ایک دھچکا ھے