سبز چائے بچائے منہ کے کینسر سے

30 جنوری 2015
سبز چائے— رائٹرز فوٹو
سبز چائے— رائٹرز فوٹو

نیویارک : سبز چائے کا استعمال منہ کے کینسر سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

طبی جریدے مالیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سبز چائے میں ایک ایسا جز موجود ہوتا ہے جو منہ کے کینسر کا سبب بننے والے خلیات کا خاتمہ کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سبز چائے میں ای جی سی جی نامی ایک جز پایا جاتا ہے جو عام خلیات کو نقصان نہیں پہنچاتا تاہم کینسر کے خلیات کو منہ سے ختم کردیتا ہے، تاہم ابھی یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ یہ جز صرف کینسر کے خلیات کو ہی ہدف کیوں بناتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ منہ کا کینسر عام طور پر جان لیوا نہیں ہوتا تاہم بگڑنے کی صورت میں یہ موت کا باعث بھی بن جاتا ہے کیونکہ اس سے لوگوں کی خوراک بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

تحقیق کے دوران اس کے جانوروں پر کامیاب تجربات کیے گئے ہیں اور اب اسے انسانوں پر آزمایا جارہا ہے جس کی کامیابی کے بعد ماہرین پرامید ہیں کہ مضر اثرات سے پاک کینسر کے علاج کا طریقہ کار مرتب کیا جاسکے گا۔

محققین کا کہنا ہے کہ کینسر سے بچاﺅ کے لیے دی جانے والی ادویات کے متعدد سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں تاہم سبز چائے کے استعمال سے کسی قسم کے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے۔

تبصرے (0) بند ہیں