بلدیاتی انتخابات کا حکم نامہ جاری

اپ ڈیٹ 06 مارچ 2015
سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک منظر—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
سپریم کورٹ آف پاکستان کا ایک منظر—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے کنٹونمنٹ بورڈ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا حکم نامہ جاری کردیا ہے، جبکہ سندھ اور پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مسترد کردیا گیا ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جمعے کو بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات 25 اپریل اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 30 مئی کو کرانے کا حکم دیا، جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 10 مارچ تک جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے سندھ اور پنجاب میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مسترد کردیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے عدالت کے روبرو کہا کہ مشروط طور پر سندھ اور پنجاب میں 20 ستمر کو بلدیاتی انتخابات کروائے جا سکتے ہیں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پرنٹنگ کارپوریشن کو دو نئی مشینیں فراہم کردی جائیں تو 20 ستمبر کو الیکشن کرواسکتے ہیں۔

جس پرعدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا مسئلہ ہے توانہیں نجی پرنٹنگ پریس سے چھپوالیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزعدالت نے کنٹونمنٹ بورڈز کے لیے الیکشن کمیشن کا نظرثانی شدہ شیڈول قبول کرلیا تھا، جس میں 25 اپریل کو پولنگ کا دن قرار دیا گیا، جبکہ اس سے پہلے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 16 مئی کی تاریخ پیش کی تھی۔

مزید پڑھیں:بلدیاتی انتخابات : کنٹونمنٹ بورڈز اور کے پی کا شیڈول منظور

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے لیے بلدیاتی انتخابات 30 مئی کو کرانے پر رضا مندی ظاہرکی جس کی پہلی تجویز کردہ تاریخ 7 جون تھی، اس شیڈول کو بھی عدالت نے بارہ لاکھ نئے ووٹوں کی شمولیت اور انتخابی رولز کے ساتھ قبول کرلیا۔

تاہم عدالت نے پنجاب اور سندھ میں تین مراحل یعنی 30 ستمبر، 4 نومبر اور 9 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے شیڈول کو مسترد کردیا ، کیونکہ پہلے کے شیڈول میں تین مراحل پر انتخابات کا ذکر نہیں تھا۔

مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن ستمبر تک بلدیاتی انتخابات کروانے پر رضامند

کمیشن کی سیکرٹری کی جانب سے ای سی پی کے ڈپٹی ڈائریکٹرعرفان کوثر عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ کمیشن پنجاب کے بارہ اضلاع اور سندھ کے دو ڈویژن میں تین مراحل میں انتخابات کرانا چاہتا ہے کیونکہ اس کے لیے چار سو ملین بیلٹ پیپرز پرنٹ کرانا ہوں گے جبکہ کمیشن پابند ہے کہ وہ تمام پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان (پی سی پی) سے پرنٹ کروائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کو صوبائی حکومتوں کی نااہلی قرار دیا تھا۔

بلوچستان وہ پہلا صوبہ ہے، جہاں 7 دسمبر 2013 کو بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا اوراس کے بعد 29 مئی اور 31 دسمبر کو ان انتخابات کے آخری دو مراحل بھی مکمل کر لیے گئے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Mar 07, 2015 12:49am
یہ شیڈول اور تاریح صرف عدالت کو مطمئن کرنے کیلئے کیا گیا بلدیاتی الیکشن نہیں ھوگا