یمن میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کی تیاریاں مکمل

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2015
ایوی ایشن حکام اور صنعا میں پاکستانی سفارت خانے سے کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے کے دو طیارے روانہ کردیئے جائیں گے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
ایوی ایشن حکام اور صنعا میں پاکستانی سفارت خانے سے کلیئرنس ملتے ہی پی آئی اے کے دو طیارے روانہ کردیئے جائیں گے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی ہدایات پر یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء کے لیے ایک جامع منصوبہ وضع کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس ترجمان نے ڈان نیوز کو بتایا کہ پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے دو طیارے یمن میں محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے بالکل تیار ہیں اور ایوی ایشن حکام اور صنعا میں پاکستانی سفارت خانے سے کلیئرنس ملتے ہی انھیں روانہ کردیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یمن میں ریاستی ڈھانچہ تباہ ہونے کے باعث اکثرایئرپورٹ غیر فعال ہوگئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بعض پاکستانیوں کو قافلوں کی صورت میں یمن کے ہمسایہ ممالک لایا جائے گا اور پھر وہاں سے ہوائی جہاز کے ذریعے پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے صنعا میں پاکستانی سفارتخانے کو یمن میں مقیم ہر پاکستانی کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے دل مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیراعظم خود اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں اور انھوں نے متعلقہ حکام کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔

واضح رہے کہ یمنی دارالحکومت صنعا پر سعودی عرب کی بمباری سے وہاں موجود پاکستانی محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

یمن میں تعینات پاکستانی سفیرعرفان یوسف شامی کے مطابق یمنی دارالحکومت میں پندرہ سو سے زائد پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں جو یمن سے انخلا کے لیے اسلام آباد سے جہاز کی آمد کے منتظر ہیں۔

پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں پاکستانی سفارتخانہ حالت جنگ میں بھی کام کرتا رہے گا۔

کرائسز منیجمنٹ سیل کا قیام###

دوسری جانب یمن کے موجودہ حالات کے پیش نظر وزارت خارجہ میں کرائسز مینیجمنٹ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق، یہ سیل یمن سے پاکستانیوں کے انخلا کیلئےچوبیس گھنٹے کام کریگا۔

ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں قائم سیل کے نمبرز مندرجہ ذیل ہیں، یہ نمبرز 05190569119، 05190569346 ہیں۔ ان نمبرز پر یمن میں پھنسے پاکستانی رابطہ کرسکتے ہیں۔

ادھر پی آئی اے کی خصوصی پرویز کل یمن جائیگی۔ خصوصی پرواز کے ذریعے صنعاء میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا۔۔۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں