ایشیا کپ 2016 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں

16 اپريل 2015
۔ — اے ایف پی فائل فوٹو
۔ — اے ایف پی فائل فوٹو

نئی دہلی: کرکٹ حکام نے کہا ہے کہ اگلے سال ایشیا کپ ون ڈے کے بجائے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہو گا۔

اگلے سال مارچ-اپریل انڈیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ایشیا کپ کو نئے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے سی ای او اشرف الحق نے اے ایف پی کو بتایا کہ 2018میں یہ ٹورنامنٹ دوبارہ ون ڈے فارمیٹ میں ہو گا کیونکہ 2019 انگلینڈ میں پچاس اوورز پر مشتمل ورلڈ کپ کھیلا جانا ہے۔

یاد رہے کہ 1984 سے ایشیا کپ پچاس اوورز کے فارمیٹ پر کھیلا جا رہا تھا۔

حق نے مزید بتایا ’نئے فارمیٹ کی تصدیق ہو چکی ہے لیکن ایونٹ کی میزبانی اور شیڈول ابھی تک طے نہیں کیا گیا‘۔

امکان ہے کہ اگلے ایشیا کپ میں چارٹیسٹ کھیلنے والی ٹیمیں (پاکستان، انڈیا، سری لنکا، بنگلہ دیش ) اور دو نئی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ میں افغانستان نے بھی حصہ لیا تھا۔

حق نے یہ بھی بتایا کہ کوالا لمپورسے کام کرنے والی ایشین کرکٹ کونسل 30 جون کے بعد غیر فعال ہو جائے گی اور اس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہی ایشیا میں کرکٹ امور کی نگرانی کرے گی۔

انڈیا اور سری لنکا پانچ پانچ مرتبہ جبکہ پاکستان نے یہ ایونٹ دو مرتبہ جیت رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں