پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں کا بہت اچھا استقبال کیا جاتا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انڈیا میں بسنے والے افراد کے دل کافی بڑے ہیں۔

ثروت گیلانی کا ڈرامہ 'متاع جاں ہے تو' ان دنوں ہندوستان کے زندگی چینل پر 'میری جان ہے تو' کے نام سے نشر کیا جا رہا ہے جسے بے حد پزیرائی مل رہی ہے۔

انڈین میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے فنکاروں پر بھاری زمہ داری ہے کہ وہ ایک ہونے کا ثبوت دیں۔

ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں کی پسندیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکار علی ظفر، فواد خان، عمیمہ ملک ، گلوکار شفقت امانت علی، راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے بولی وڈ میں بہت جلدی اپنی اچھی جگہ بنالی ہے۔

ہندوستانی فلم یا شو میں کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی جگہ کام کرنے پر خوشی محسوس کریں گی اور اگر ہندوستان سے کسی اچھے پروجیکٹ کی پیشکش ہوئی تو وہ اسے ضرور قبول کریں گی۔

پاکستانی اور انڈین ٹی وی صنعتوں کے حوالے سے ثروت کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے مسائل ایک جیسے ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک میں ایک ہی جیسے ڈرامے اور فلمیں بنائی جاتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اس وقت خود کو مزید بہتر کرنے کی بہت ضرورت ہے جب کہ انڈیا کی فلم انڈسٹری ہم سے بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے آباؤ اجداد کا تعلق ہندوستان سے ہی تھا اور جب بھی کراچی میں بارش ہوتی ہےتو وہ اور ان کی فیملی انڈین مٹی کی خوشبو کو یاد کرتے ہیں۔

ثروت گیلانی خود بولی وڈ کی بہت بڑی مداح ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے اداکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے لوگوں کو قریب لانے کی کوشش کریں ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں