'چین سرمایہ کاری کر رہا ہے امداد نہیں دے رہا'

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2015
وزیراعظم نواز شریف—فائل فوٹو/ رائٹرز
وزیراعظم نواز شریف—فائل فوٹو/ رائٹرز

لندن: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان میں لگائی جانے والی رقم قرض یا امداد نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے۔

لندن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوتے وقت ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر سے ملک میں سڑکیں بنیں گی اور توانائی کے منصوبے شروع ہوں گے۔

چین کے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان اور اربوں ڈالر مالیت کے معاہدوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا بہترین دوست ہے اور یہاں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت گوادر سٹی میں ہونے والے تعمیری کام کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے اندر ایک خوش گوار تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

گزشتہ دنوں کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج بہت اچھے آئے ہیں اور جب پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے تو نتائج مسلم لیگ (ن) کے حق میں اچھے آئیں گے، جبکہ عام انتخابات کے نتائج اُس سے بھی بہتر آئیں گے۔

دورہ لندن پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ برطانیہ ہمارا دوست ملک ہے، جو پاکستان میں تعلیم کے میدان میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ کے الیکشن میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

'ثبوت تھیلوں میں ہیں تو ان کے پاس کیا ہے؟'

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عام انتخابات 2013 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر وزیراعظم نے سوال کیا کہ اگر دھاندلی کے ثبوت تھیلوں میں ہیں تو پھرالزام لگانے والوں کے پاس کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ جب لاہور کے ایک حلقے کے تھیلے کھلے تو ہماری سیٹ کچھ ووٹوں سے مزید بڑھ گئی۔

وزیراعظم نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

بشکریہ: ریڈیو پاکستان

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں