سلو اوور ریٹ :زمبابوے کے کپتان پر دو میچز کی پابندی

27 مئ 2015
پاکستان کے خلاف لاہور میں پہلے ون ڈے میں سنچری کے بعد زمبابوے کے کپتان کا انداز — اے ایف پی فوٹو
پاکستان کے خلاف لاہور میں پہلے ون ڈے میں سنچری کے بعد زمبابوے کے کپتان کا انداز — اے ایف پی فوٹو

لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پر زمبابوے کے کپتان ایلٹن چگمبورا پر دو میچز کی پابندی عائد کردی ہے اور اب وہ پاکستان کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

آئی سی سی اعلامیئے کے مطابق زمبابوے نے مقررہ وقت میں تین اوورز کم کرائے جسکے باعث آئی سی سی قوانین کے مطابق زمبابوے کے کپتان چگمبورا پر دو میچز کی پابندی عائد کی گئی۔

آئی سی سی نے زمبابوین ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ بھی عائد کیا۔

اگر کوئی ٹیم کسی ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی میچ میں مقررہ وقت کے دوران دو اوورز پیچھے رہے تو اسے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔

اگر زمبابوے کے کپتان اگلے بارہ ماہ کے دوران کسی ون ڈے میچ میں دوسری بار سلو اوور ریٹ کا شکار ہوئے تو انہیں دو سے آٹھ میچز کی معطلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔

چگمبورا نے آئی سی سی کی سزا کو تسلیم کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 41 رنز سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں