بغداد: افغانستان میں امریکی فضائی کارروائی میں القاعدہ کے خود کش بم دھماکوں کے انچارج اور سینئر کمانڈر سمیت تین شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کی جانب سے امریکی سیکریٹری دفاع ایشٹن کارٹر کے ہمراہ عراق میں سفر کرنے والے صحافیوں کو جاری بیان میں کہا گیا کہ 11 جولائی کو افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں کیے گئے حملے میں القاعدہ کے اعلیٰ سطح کے کمانڈر ابو خلیل ال سوڈانی ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ ال سوڈانی حملے میں ہلاک ہونے والے ان تین میں سے ایک شدت پسند تھے، ان کی ہلاکت سے دنیا میں القاعدہ کی کارروائیوں کو دھچکا لگے گا۔

پنٹاگون کے مطابق سوڈانی القاعدہ کی سینئر شوریٰ کے رکن، خود کش بم دھماکوں اور آپریشنز کے اسکواڈ کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے میں براہ راست ملوث تھے۔

بیان میں کہا کہ القاعدہ کمانڈر نے اتحادی، افغان اور پاکستانی افواج کے خلاف براہ راست براہ راست آپریشن کی ہدایت کی اور وہ القاعدہ کے سرکردہ رہنما ایمن الظواہری کے قریبی ساتھی تھے۔

بیان میں ایشٹن کارٹر نے کہا کہ ہم خطے اور دنیا بھر میں انتہا پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں