شفقت حسین کے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری

27 جولائ 2015
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ٥ سالہ بچے کے قتل میں ملوث شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیے ہیں — ڈان نیوز اسکرین گریب
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ٥ سالہ بچے کے قتل میں ملوث شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیے ہیں — ڈان نیوز اسکرین گریب

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 5 سالہ بچے کے قاتل شفقت حسین کی سزائے موت پر عمل درآمد کروانے کے لیے ایک بار پھرڈیٹھ وارنٹ جاری کردیے ہیں۔

یاد رہے کے اس سے قبل 9 جون کو شفقت حسین کی پھانسی کی سزا پرعمل درآمد چوتھی بار ملتوی ہوا تھا۔

جیل حکام نے ماہ رمضان المبارک سے قبل عدالت سے رجوع کیا تھا اور ایک درخواست جمع کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالت نے ملزم شفقت حسین کے ڈیتھ وارنٹ 9 جون کے لیے جاری کیے تھے تاہم پھانسی سے کچھ دیر قبل ملزم کی سزائے موت ملتوی کردی گئی تھی۔ اس لئے ملزم کی سزاپر عمل درآمد کے لیے نئے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے جائیں۔

اُس موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں سزائے موت پرعمل درآمد روک دیا گیا، اس لیے ملزم کے نئے ڈیتھ وارنٹ رمضان کے بعد جاری کیے جائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق آج مذکورہ درخواست کی سماعت کےدوران عدالت نے ملزم کے چار اگست کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیے۔

یہ پڑھیں : رمضان کے بعد پھانسی کی سزائیں ایک بار پھر بحال

آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شفقت حسین کو 2001ء میں 5 سالہ عمیر کو قتل کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد 2004ء میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر اسے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

شفقت کی رحم کی اپیلیں 2006ء میں ہائی کورٹ، 2007ء میں سپریم کورٹ جبکہ 2012ء میں صدر مملکت کی جانب سے مسترد کی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ دسمبر 2014ء میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد پاکستان میں موت کی سزاؤں پر سے پابندی ہٹائی گئی۔ ابتدائی طور پر صرف دہشت گردی کے مقدمات پر سے پابندی ہٹائی گئی تاہم پھر اس فیصلے کو دیگر کیسز پر بھی لاگو کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں