لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سیاست کو پاک-انڈیا کرکٹ تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔

گزشتہ دنوں پاکستان سرحد کے قریب ہندوستان میں ایک پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے میں نو ہلاکتوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان رواں سال ممکنہ کرکٹ سیریز خطرے میں پڑ گئی ہے۔

انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے باہمی سیریز کے امکانات کو دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تعلقات بہتر ہونے سے مشروط کر دیا ۔

تاہم، وسیم اکرم کہتے ہیں’ کھیل اور سیاست کو مکس نہیں کرنا چاہیے ۔ پاک-انڈیا سیریز کی خوبصورتی کا کسی اور سیریز سے کوئی موازنہ نہیں ہو سکتا‘۔

وسیم نے ہفتہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام نئے باؤلرز کے لیے 13 روزہ تربیتی کیمپ کا افتتاح کیا، جہاں وہ نوجوان ٹیلنٹ کی تریبت کریں گے۔

وسیم نے پاکستان میں ابھرتےہوئے نوجوان تیز باؤلرز کے حوالے سے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔’ میں پر امید ہوں کہ ملک میں فاسٹ باؤلنگ کا مستقبل محفوظ ہے‘۔

’اتنا ٹیلنٹ سامنے آنے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں فاسٹ باؤلنگ کا جنون ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ اس ٹیلنٹ کو ابھاریں ‘۔

49 سالہ وسیم اس کیمپ میں ملک بھر بالخصوص خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں سے آئے 20 نوجوان باؤلرز کی تربیت کریں گے۔

’مجھے خوشی ہے کہ کیمپ میں دور درواز علاقوں سے بھی لڑکے آئے ہیں۔ 13 دن بہت کم ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ یہ باؤلر بنیادی چیزیں سیکھ لیں گے‘۔

یاد رہے کہ وسیم خود بھی 1984 میں لگنے والے ایک ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ میں دریافت ہوئے تھے۔اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنے شاندار عالمی کیرئیر میں 414 ٹیسٹ اور 502 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں