دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے ’ایئرپورٹ ٹرمینل‘ کی تعمیر کا آغاز

28 اپريل 2024
ٹرمینل کے مکمل طور فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہوگی — فوٹو: ایکس
ٹرمینل کے مکمل طور فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہوگی — فوٹو: ایکس

دبئی نے اعلان کیا ہے کہ آل مكتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز ہوگیا ہے اور تقریباً 35 ارب ڈالر کی مالیت سے تیار ہونے والا ’یہ دنیا کا سب سے بڑا‘ ٹرمینل ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ میں کہا کہ ’ہم نے آل مكتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے نئے ٹرمینل کے ڈیزائنز کی منظوری دے دی ہے، اور اس کی تعمیر پر 34 ارب 85 کروڑ ڈالر کی لاگت آئے گی۔‘

بیان کے مطابق ’ٹرمینل کے مکمل طور فعال ہونے کے بعد ایئرپورٹ پر سالانہ 26 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ہوگی۔‘

شیخ محمد بن راشد آل مكتوم نے کہا کہ ’یہ مسافروں کے حوالے سے دنیا کا سب سے زیادہ گنجائش والا ایئرپورٹ ہوگا اور یہ موجودہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پانچ گنا بڑا ہوگا۔‘

دبئی سول ایوی ایشن کے صدر اور ایمریٹس ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شیخ احمد بن سعید آل مكتوم کے مطابق ’اس منصوبے کا پہلا مرحلہ 10 برسوں میں مکمل ہوگا اور اس میں سالانہ 15 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہوگی۔‘

خیال رہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹس میں سے ایک ہے۔

شہر کے مضافات میں بنائے گئے آل مكتوم ایئرپورٹ کو 2010 سے خلیجی مالیاتی مرکز کی فضائی ٹریفک کا نسبتاً کم حصہ ملا ہے۔

حکام چاہتے ہیں کہ یہ نیا ایئرپورٹ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جگہ لے لے، جہاں سالانہ 12 کروڑ مسافروں کی آمدورفت ممکن ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مرکزی مقام میں موجود ہونے کی وجہ سے اس کی توسیع ممکن نہیں ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں