اداکارہ کنگنا رناوٹ کا کہنا ہے کہ بولی وڈ میں اداکاراؤں کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے اور وہ خود اس کا شکار ہو چکی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کنگنا کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایماندار اداکار ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ایمانداری کے ساتھ ہی ہر کام کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شوبز میں کچھ سال پہلے وہ اس مقام پر موجود تھیں جہاں اداکاراؤں کی عزت نہیں کی جاتی اور آج وہ اس مقام پر آکر بہت زیادہ خوشی محسوس کرتی ہیں۔

کنگنا کے مطابق نئے اداکاروں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہے یہ سوچ کر کہ کل یہ کامیاب ہوگئے تو ان کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوسکتا ہے البتہ اداکاراؤں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جاتا۔

کنگنا کا اپنے بولی وڈ کیرئیر کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی فلمیں پہلے ہٹ نہیں ہوتی تھیں لیکن انہوں نے اپنا اعتماد کبھی نہیں کھویا جس کی وجہ سے وہ آج اس مقام پر موجود ہیں۔

کنگنا رناوٹ اس وقت اپنی زیرتکمیل فلم ’کٹی بٹی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ہمراہ اداکار عمران خان اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

فلم ’کٹی بٹی‘ 18 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں