کولمبو ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کے نام

28 اگست 2015
کولمبو ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کے سبب سنہالیز اسپورٹس کلب کو کورز سے ڈھکا ہوا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کولمبو ٹیسٹ کے پہلے دن بارش کے سبب سنہالیز اسپورٹس کلب کو کورز سے ڈھکا ہوا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

کولمبو: ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کے نام رہا اور دن میں صرف پندرہ اوورز کا کھیل ہو سکا۔

کولمبو سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ پر کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیتنے کے بعد ابرآلود موسم میں اپنے باؤلرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔

سری لنکن باؤلر دھمیکا پرساد نے اپنے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے میچ کی دوسری ہی گیند پر لوکیس راہل کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی انڈین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اجنکیا راہانے نوان پرادیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار ہائے۔

اس ابتدائی نقصان کے بعد چتیشور پجارا اور کپتان ویرات کوہلی نے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور مجموعے کو 50 رنز تک لے گئے۔

اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے باعث کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم کی راہ لینی پڑی۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے جاری بارش نے گراؤنڈ اسٹاف کی سخت محنت پر پانی پھیر دیا اور کڑی کوشش کے باوجود دن میں محض پندرہ اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔

جب دن کے اختتامی لمحات میں ایک بار پھر بارش نے مداخلت کی تو امپائرز نے پہلے دن کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 50 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں