اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا اور پیٹرولیم مصنوعات پر دس ارب روپے کااضافی ٹیکس عائد کردیا جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل صرف تین تین روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سات روپے 60 پسے ، پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 14 پیسے فی لیٹر کمی ہونا تھی تاہم تین روپے تک ہی کمی کی گئی۔

تین روپے کمی کے بعد ہائی اسپڈ ڈیزل کی نئی قیمت 82.05 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 73.76 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تین روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت 57 روپے گیارہ پیسے، لائٹ ڈیزل 53 روپے 59 پیسے اور ہائی اوکٹین کی نئی قیمت 79 روپے 79 پیسے ہوگئی ہے۔

گزشتہ ماہ بھی پٹرول کی قیمت میں ایک روپے تین پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں چار روپے 83 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے 92 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے چھ پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول سے تیل کے سیکٹر میں سب سے زیادہ منافع کمایا جاتا ہے۔

سی این جی کی قیمتوں میں کمی

پنجاب اور سندھ کیلئے سی این جی چار روپے فی کلو جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کیلئے سی این جی 53 پیسے فی کلو سستی کر دی گئی ہے۔

اوگرا نے سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ کے لئے سی این جی کی نئی قیمت 67 روپے پچاس پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کیلئےنئی قیمت 75 روپے 82 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔

سی این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

گیس کی قیمتوں میں اضافہ

ادھر حکومت نے یکم ستمبر سے گیس بھی 13تا 63فیصد مہنگی کردی ہے۔

وفاقی حکومت کی ایڈوائس پر اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

گھریلو صارفین کی تیسری کیٹیگری کے لیے گیس 13 فیصد، کمرشل صارفین کیلئے 10 فیصد اور صنعتی صارفین کے لیے گیس 22 فیصد مہنگی کی گئی ہے، پاور سیکٹر کے لیے گیس 22 فیصداورفرٹیلائزر سیکٹر کے لیے گیس 63 فیصد مہنگی کر دی گئی۔

گیس کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم ستمبر سے کیا گیا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

نجیب احمد سنگھیڑہ Aug 31, 2015 08:55pm
اسحاق ڈار کے ہوتے ہوئے ملک کے عوام کو ریلیف ملنے کا سوچنا بھی نہیں چاہیے۔ پہلے سرکاری ملازمین کے ساتھ ساڑھے سات فیصد تنخواہ بڑھا کر انیائے کیا اور اب پیٹرول کا ریلیف دینے سے انکار کیا گیا ہے۔
Israr Muhammad khan Yousafzai Sep 01, 2015 12:56am
تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان خوش آئند ھے خیرمقدم کرتے ھیں پی پی پی حکومت میں تیل کی قیمت 116 روپے سے زیادہ تھی جو اب کم ھو کر 82 روپے اور 72 روپے لائی گئی ھے ہمیں حکومت کا شکر گزار ھونا چاہئے اگر یہ کمی نہ کرتے تو ھم کیا کرسکتے تھے دوسری طرف CNG کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی کردی گئی ھے جسکا فائدہ عوام کو ملے گا اگر صوبائی حکومتوں نے تعاون کیا ٹرانسپورٹ کی کرایہ میں کمی کرنا صوبائی حکومتوں کو اختیار ھے نواز شریف حکومت صحیح سمت میں جارہی ھے دھشتگردی میں خاطر حوا کمی ھوئی ھے جسکا کریڈیٹ موجودہ حکومت کو جاتا ھے اب بجلی کا مسئلہ باقی ھے وہ بھی انشاء اللہ حل ھوجائے گا اگر عمران حان صاحب دھاندلی دھاندلی کا کھیل چھوڑ دے تو؟