'مزید دو سال کرکٹ کھیل سکتا ہوں'

03 ستمبر 2015
پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل—اے ایف پی فائل فوٹو۔
پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل—اے ایف پی فائل فوٹو۔

پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ ابھی بھی محدود اوورز کی کرکٹ کے اچھے باؤلر ہیں اور مزید دو سال تک مسابقتی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کو ایک انٹرویو میں اجمل کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے نئے باؤلنگ ایکشن کے ساتھ کچھ وقت کی ضرورت تھی، انہیں درست وقت کا انتظار ہے۔

کاؤنٹی کرکٹ میں اچھی کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ بتاتے ہوئے اجمل کا کہنا تھا کہ وہ چار روزہ کرکٹ میں وکٹیں نہیں لے پارہے جس کی وجہ شاید انگلینڈ کی کنڈیشنز تھیں تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ کے بہتر باؤلر ہیں اور اس فارمیٹ میں وکٹیں لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مجھے وورسسٹرشائر سے ڈراپ نہیں کیا گیا، سعید اجمل

اجمل نے انگلش کاؤنٹی وورسسٹرشائر کی حال ہی میں نمائندگی کی تھی تاہم تقریباً پورا سیزن کھیلنے کے باوجود وہ 51.25 کی اوسط سے 16 وکٹیں لینے میں ہی کامیاب ہوپائے۔

انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر ان دنوں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ ان کی جگہ نہیں لینا چاہتے تاہم ان کا خیال ہے کہ محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کی جگہ بن سکتی ہے اور وہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنے آپ کو ثابت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے موثر نہ ہونے کا معاملہ نہیں بلکہ خود پر اعتماد اور فارم کی بات ہے اور اب ان کیباؤلنگ میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے.

دوسری جانب پاکستان کے چیف سیلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ اجمل پاکستان کے بہترین باؤلر رہے ہیں اور پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات ہیں تاہم انہیں ایسے اجمل کی ضرورت ہے جو ٹیم میں موثر کردار ادا کرسکے اور اس سلسلے میں وہ آف اسپنر سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اجمل کے پاس ٹی ٹوئنٹی کپ میں خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے جس کے بعد ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کے انتخاب پر غور کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں