’آئٹم سانگ پسند نہیں تو نہ دیکھیں‘

03 اکتوبر 2015
فوٹو بشکریہ — فیس بک
فوٹو بشکریہ — فیس بک

پاکستانی اداکارہ سوہائے علی آبڑو کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو آئیٹم سانگ پسند نہیں تو اسے نہ دیکھیں لیکن کوئی کسی کو اس میں کام کرنے سے روک نہیں سکتا۔

بی بی سی اردو کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے سوہائے نے اپنی فلم ’رانگ نمبر‘، ہندوستان میں اپنے ڈرامے ’پیارے افضل‘ کی نشر کے حوالے سے گفتگو کی۔

سوہائے کا کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں ’پیارے افضل‘ میں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔

ہندوستان میں ’پیارے افضل‘ نشر کیے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہترین ڈرامہ تھا اور وہ خوش ہیں کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں بھی اس کو پسند کیا جارہا ہے۔

ان کے قریبی دوست اداکار حمزہ علی عباسی کے آئٹم سانگ کی مخالفت پر سوہائی نے بتایا کہ حمزہ ایک نہایت سادہ انسان ہیں تاہم وہ کسی کو کوئی کام کرنے سے روک نہیں سکتے۔

سوہائے کے مطابق اگر انہیں کوئی کام پسند نہیں آئے گا تو وہ اسے نہیں دیکھے گی یا اس میں کام نہیں کریں گی لیکن کسی کو اسے کرنے سے روک نہیں سکتی۔

حال ہی میں ریلیز فلم ’رانگ نمبر‘ میں کیے جانے والے گانے پر رقص کے حوالے سے سوہائے نے بتایا کہ لوگوں نے ان کے گانے ’سیلفیاں‘ کو آئٹم سانگ کا نام دے دیا تاہم وہ ایک عام سا گانا ہے۔

ان کے مطابق پاکستانی فلمی صنعت نئی ہے اسی لیے دیکھنے والوں کو ہر بات کافی بڑی لگتی ہے جبکہ کوئی بھی انڈسٹری اچھے برے کام سے مل کر بنتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں