لاہور: لاہور کے حلقہ این اے-122 میں 11 اکتوبر کو شیڈول ضمنی الیکشن کیلئے دو اہم حریف جماعتوں پاکستان تحریک انصاف اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ-نواز نے اپنی اپنی انتخابی مہم زور و شور سے جاری رکھی ہوئی ہے۔

ایک طرف جہاں آج لاہور میں تحریک انصاف نے اپنی قوت کا مظاہرہ کیا تو وہیں ن-لیگ نے بھی آج جلسہ منعقد کیا۔

ن-لیگ کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں عمران خان کا کچھ نہیں بن سکتا۔الزامات اور جھوٹ کی سیاست ن لیگ کا راستہ نہیں روک سکتی۔

انہوں نے عمران خان کو ووٹرز کیلئے خطرہ بھی قرار دیا ۔’عمران ووٹرز اور پاکستانیوں کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔ وہ ہیرو ضرور ہیں لیکن اچھے لیڈر نہیں بن سکتے‘۔

اس حلقے سے ن-لیگ کے امید وار اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ پیسہ سے الیکشن جیتا جاتا تو آج پی ٹی آئی کے امید وار علیم خان کبھی کوئی الیکشن نہ ہارتے ۔

’ن لیگ عمران خان کو قومی قیادت سے ہٹا کر یونین کونسل کی سطح پر لے آئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ عمران یوسی لیول کے دفاتر کا افتتاح کرنے کی بجائے قومی لیڈر ہونے کا ثبوت دیں۔

’کھمبوں اور درختوں پر تصویریں لگانے سے لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا نہیں کی جاسکتی‘۔

اس موقع پر ماروی میمن کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے دعویدار پشاور پر نظر ڈالیں۔ گیارہ اکتوبر شیر کی فتح کا دن ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں