مالی: مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے اتوار کے روز ہندوستانی وزیر خارجہ کو مالدیپ کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے پر خبردار کردیا۔

وزیر خارجہ ششما سوراج کے دارالحکومت مالی کے باضابطہ دورے کے دوران صدر نے کہا کہ تمام ممالک کو مالدیپ کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔

ان کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں صدر یامین نے کہا کہ ان کی حکومت ملکی معاملات میں کسی غیر ملکی پارٹی کی مداخلت برداشت نہیں کرے گی۔

اعلامیے میں صدر نے کہا کہ مالدیپ کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام تمام ممالک کو کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ دہشت گردی کے الزامات پر مالدیپ کے سابق صدر محمد نشید کو 13 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کی دنیا کے متعدد ممالک نے مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک پینل نے گزشتہ ماہ نشید کی سزا کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں