نامور آف اسپنر سعید اجمل نے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اسٹارز پر مبنی پشاور زلمی کے خلاف عمدہ پرفارمنس دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی کیلئے سلیکٹرز کے دروازے پر دستک دے دی۔

جمعہ کو ہوئے میچ میں اگرچہ فتح پشاور کو نصیب ہوئی لیکن سعید اجمل نے اپنی باولنگ سے خوب رنگ جمایا۔ اسلام آباد ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے خلیج ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں سعید کی تعریف کرتے ہوئے انہیں یونائیٹڈ ٹیم اور پاکستان کرکٹ کیلئے بہت مثبت قرار دیا۔

'میرے خیال میں ان کا تجربہ بہت کام آیا۔ وہ جانتے ہیں کہ کس جگہ پر کتنی رفتار سے اور کیسی گیند پھینکنی ہے۔ وہ واقعی بہت بڑے کھلاڑی ہیں'۔

سعید نے زلمی کے خلاف میچ میں پہلے اوور میں صرف ایک رن دیا۔ دوسرے اوور میں انہوں نے بنگلہ دیش کے تمیم اقبال کو بالکل نہ کھیلنے دیا اور صرف ایک رن دیا۔

سعید نے میچ میں مقررہ چار اوورز میں 19 رنز کے عوض ایک وکٹ لی اور جارحانہ بلے بازوں شاہد آفریدی، ڈیرن سیمی اور کامران اکمل کے باوجود زلمی 145 سے زائد اسکور نہ بنا سکی۔

سعید اجمل اپنے باولنگ ایکشن پر آئی سی سی کے اعتراض کے بعد ٹیم سے کچھ عرصہ باہر رہے۔

اس دوران انہوں نے اپنا باولنگ ایکشن بہتر بنایا اور ڈومیسٹک کرکٹ کے علاوہ انگلش کاونٹی بھی کھیلی لیکن وہ قومی سلیکٹرز کو متاثر نہ کر سکے۔

ڈین جونز نے سعید کو سراہتے ہوئے کہا گزشتہ ایک سال کے دوران ان کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے آج بہت عمدہ کھیلا۔

جونز نے نوجوان باولر رومان رئیس کو بھی سراہا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے رومان پشاور کے خلاف اسلام آباد کے سب سے کم رنز دینے والے باولر تھے۔

'میرے خیال میں رومان بہت اچھا کھیلے۔ انہوں نے دباو کے باوجود توازن نہیں کھویا۔ جہاں تک پاکستان کرکٹ کا تعلق ہے وہ ایک مستقبل کے ایک بہترین کرکٹر ثابت ہو سکتے ہیں'۔

کوئٹہ گلیڈیٹرز اور پشاور سے شکست کے باوجوداسلام آباد کے ہیڈ کوچ جونز پر امید نظر آئے۔

'یقیناً ہماری شروعات اچھی نہیں رہی لیکن ہمیں ایک وقت پر صرف ایک میچ پر توجہ دینی ہو گی۔ہمیں پلے آف کیلئے کوالی فائی کرنے کی خاطر خود کو بہتر بنانا ہو گا'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں